سرینگر، 4 جون (یو این آئی) بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے جموں و کشمیر سرکار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت نے 8 مہینوں کے دوران زمینی سطح پر کوئی کام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت صرف ملازموں کاتبادلہ کرتی ہے ایسا لگتا ہے کہ یہ تبادلہ سرکار ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 6 جون کو ٹرین کا افتتاح کرکے کشمیر کو ایک بہت بڑی سوغات دے رہے ہیں۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار چہارشنبہ کوجنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت بنے 8 مہینے ہوگئے لیکن اس اس دوران زمینی سطح پر کچھ نہیں کیا،صرف ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں، ریاستی درجہ بحال ہوگا اس کا وعدہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے کیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ سارا نظام وزیر اعلیٰ کے پاس ہے لیکن انہوں نے کوئی تبدیلی نہیں کی صرف ملازموں کو ٹرانسفر کیا جا رہا ہے ، ایسا لگتا ہے کہ یہ ٹرانسفر سرکار ہے اور کوئی کام ان کے پاس نہیں ہے۔ وزیر اعظم 6 جون کو آ رہے ہیں اور ایک بہت بڑا تحفہ کشمیر کو دے رہے ہیں۔