نیویارک: مسلم ٹیکسی ڈرائیور پر نفرت انگیز حملہ

   

23 سالہ ملزمہ پر فردِ جرم عائد

نیویارک: نیویارک کے علاقہ مین ہٹن میں مسلمان ٹیکسی ڈرائیور پر نفرت انگیز حملے کے الزام میں 23 سالہ خاتون جینیفر گیلبوٹ پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ یہ واقعہ 31 جولائی کو پیش آیا، جب خاتون نے ڈرائیور کے دعا پڑھنے پر اس پر پیپر اسپرے سے حملہ کر دیا۔ حملے کا شکار ہونے والے 45 سالہ مسلمان ڈرائیور نے اس واقعہ کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔ عدالتی کارروائی کے دوران ڈسٹرکٹ اٹارنی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ نے انتہائی بے حسی سے حملہ کیا، جبکہ ڈرائیور اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ ڈرائیور محنتی نیویارکر ہے اور کسی کو بھی اپنی شناخت کی بنیاد پر اس قسم کی نفرت انگیز رویہ کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔ مین ہٹن میں رہنے اور کام کرنے کیلئے ہر فرد کا خیرمقدم کیا جاتا ہے، اور اس نوعیت کے واقعات ناقابل قبول ہیں۔