نیو جرسی کی مسجد میں نامعلوم شخص کا فجر کی نمازکے دوران امام پر چاقو سے حملہ

,

   

واشنگٹن : امریکی ریاست نیو جرسی کی مسجد میں فجر کی نمازکے دوران امام پر نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چاقو کے حملے کے نتیجے میں امام مسجد زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چاقو سے حملے کے وقت مسجد میں دو سو کے قریب نمازی موجود تھے۔رپورٹس کے مطابق امام مسجد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے جبکہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے ، البتہ اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ریاست نیو جر سی کے شہر ساؤتھ پیٹرسن کی مشہور عمر بن خطاب مسجد میں اتوار کو چاقو بردار شخص نے امام مسجد پر حملہ کر دیا اور متعدد وار کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا۔ میڈیا کے مطابق مسجد کے ترجمان عبدالحمدان کے مطابق امام مسجد سید النقیب پر حملے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ نمازِ فجر پڑھا رہے تھے اور وہ جیسے ہی سجدے میں گئے تو حملہ آور نے ان کی پیٹھ پر چاقو کے کئی وار کیے۔ترجمان کے مطابق حملہ آور نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے نمازیوں نے ناکام بناتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاہم فوری طور پر حملے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔واقعے کے بعد میئر آندرے سیوف نے جوزیف یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں زیرِ علاج امام مسجد کی عیادت کی اور بتایا کہ سید النقیب کی حالت تسلی بخش ہے۔انہوں نے حملہ آور کو پکڑنے کے لیے نمازیوں کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ مسجد آنے والوں کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔بعدازاں ایک پریس کانفرنس کے دوران میئر نے تمام مساجد کے باہر پولیس کی نفری تعینات کرنے کا اعلان کیا۔