وائی ایس آر کانگریس سے طاقتور کاپو لیڈر رادھا کرشنا مستعفی

   

حلقہ وجئے واڑہ سنٹرل سے ٹکٹ نہ ملنے پر ناراضگی ، تلگو دیشم میں شمولیت کا امکان

حیدرآباد۔ 20 جنوری (این ایس ایس) ساحلی آندھرا پردیش کے سرکردہ کاپو لیڈر ونگاویٹی رادھا کرشنا نے آج وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ بعدازاں انہوں نے اس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے خلاف سخت ریمارکس کیا۔ وجئے واڑہ کے مقتول رکن اسمبلی ونگاویٹی موہن رنگا راؤ کے فرزند رادھا کرشنا نے حلقہ اسمبلی مشترکہ وجئے واڑہ سے مقابلہ کرنے کے لئے جگن کی طرف سے دیئے گئے مشورہ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے وجئے واڑہ (سنٹرل) سے ٹکٹ دینے کے لئے جگن سے مطالبہ کیا تھا۔ وائی ایس آر کانگریس کے سینئر قائدین وجئے سائی ریڈی اور بوتسہ ستیہ نارائنا نے رادھا سے اپنی علیحدہ ملاقاتوں کے دوران پارٹی نہ چھوڑنے کی ترغیب دی تھی، لیکن انہوں نے واضح کردیا تھا کہ وجئے واڑہ (سنٹرل) سے ٹکٹ دیئے جانے کی صدارت میں ہی وہ پارٹی میں برقرار رہیں گے۔ جگن کے تمام اپنے مکتوب استعفیٰ میں رادھا کرشنا نے یہ بھی واضح کردیا کہ اپنے سیاسی مستقبل کیلئے وہ کسی کی صوابدید یا رحم و کرم پر منحصر نہیں ہیں۔ اس دوران یہ قیاس آرائیاں گشت کرنے لگی ہیں کہ وہ حکمراں تلگو دیشم یا پھر پون کلیان کو جنا سینا پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ تلگو دیشم پارٹی حلقہ وجئے واڑہ (سنٹرل) سے اپنے موجودہ رکن بونڈا اوما مہیشور کو محروم کرتے ہوئے رادھا کرشنا کو ٹکٹ دے سکتی ہے۔