وائی ایس جگن موہن ریڈی سنگباری کے واقعہ میں زخمی

   

بس یاترا کے دوران نا معلوم افراد نے نشانہ بنایا ۔ طبی امداد کے بعد بس یاترا جاری

حیدرآباد 13 اپریل ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پیشانی پر آج اس وقت زخم آگیا جب کچھ نامعلوم افراد نے ان کو نشانہ بناتے ہوئے سنگباری کی جبکہ وہ وجئے واڑہ میں اپنی بس یاترا میں تھے ۔ ان کی بائیں آنکھ کے اوپر یہ زخم آیا اور انہیں فوری ابتدائی طبی امداد پہونچائی گئی ۔ اس کے بعد جگن موہن ریڈی نے اپنی بس یاترا جاری رکھی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اس حملے کیلئے تلگودیشم پارٹی اور اس کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو کو ذمہ دار قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ بزدلانہ حرکت تھی ۔ اس واقعہ کے فوری بعد چیف منسٹر کی سکیوریٹی کا عملہ حرکت میں آگیا اور اس نے چیف منسٹر کو گھیرے میں لے لیا ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ لوک سبھا و اسمبلی انتخابات کی مہم کے طور پر عوام سے ملاقات کر رہے تھے ۔ ماہ مارچ میں جگن موہن ریڈی نے اپنی بس یاترا شروع کی تھی جو پارٹی کی انتخابی مہم کا حصہ ہے ۔ 21 دن کی یہ بس یاترا ریاست کے تمام اضلاع کا احاطہ کرنے کیلئے شروع کی گئی ہے اور ریاست میں لوک سبھا کے ساتھ اسمبلی انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔ جگن موہن ریڈی کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو تلگودیشم ۔ بی جے پی اور جنا سینا کے اتحاد سے مقابلہ درپیش ہے ۔