وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے صفائی مہم میں حصہ لیا، مچھروں کی افزائش روکنے کا مشورہ
حیدرآباد۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وبائی امراض اور موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لئے اپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ مچھروں سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے لئے گھر میں اور اطراف بارش کا پانی جمع ہونے نہ دیا جائے۔ ہریش راؤ نے آج صفائی مہم کے تحت اپنی قیام گاہ میں پانی کی نکاسی اور کچرے کے صفائی کا کام انجام دیا۔ انہوں نے اپنے گھر اور اطراف کا جائزہ لیتے ہوئے پانی کی نکاسی کا کام خود اپنے طور پر انجام دیتے ہوئے یہ پیام دیا کہ مچھروںکی افزائش پانی جمع ہونے سے ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت صفائی کے ذریعہ ماحولیات کا تحفظ بھی کیا جاسکتا ہے۔ گھروں میں جہاں کہیں بھی پودے لگائے جائیں وہاں اطراف پانی جمع ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد میں مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے ہر اتوار کو 10 منٹ کے لئے صفائی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ صفائی کے ذریعہ ہم نہ صرف اپنے آپ کو بلکہ اپنے گھر والوں کو بھی بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کے دوران عام طور پر موسمی امراض میں اضافہ ہوجاتا ہے اور حکومت نے شعور بیداری مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صحت کا خود تحفظ کرسکتے ہیں۔ وزیر صحت نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ہر اتوار کو 10 منٹ صحت و صفائی کے کاموں پر صرف کریں۔ ر