کمپنی کے نقصانات پر چیف منسٹر نے رپورٹ طلب کی
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) تروپتی کے لڈو کی تیاری میں غیر معیاری گھی کے استعمال سے متعلق تنازعہ کے دوران تلنگانہ حکومت کے ادارہ وجئے ڈیری نے تروملا تروپتی دیواستھانم کو خالص گھی سربراہ کرنے کا پیشکش کیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری انیمل ہسبینڈری سبیا ساچی گھوش نے اس سلسلہ میں تروملا تروپتی دیواستھانم کے ایگزیکیٹو آفیسر جے شیاملا راؤ کو مکتوب روانہ کیا جس میں خالص گھی کے علاوہ لڈو کی تیاری میں استعمال کئے جانے والے معیاری ڈیری پراڈکٹس کی سربراہی کا پیشکش کیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ وجئے ڈیری درکار اشیاء کی سربراہی کے موقف میں ہے۔ مکتوب میں ڈیری شعبہ میں وجئے ڈیری کی کامیابیوں اور ملک بھر میں اس کی اشیاء کی مقبولیت کا حوالہ دیا گیا۔ وجئے ڈیری نے کہا کہ ملک بھر میں اس کے معیاری ڈیری پراڈکٹس کی کافی مانگ ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ لاکھوں ڈیری فارمرس کی زندگی بہتر بنانے میں وجئے ڈیری نے اہم رول ادا کیا۔ وجئے ڈیری نے اعلیٰ معیاری گھی اور دیگر ضروری اشیاء کی تفصیلات پیش کی ہیں۔ دوسری طرف چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وجئے ڈیری کے نقصانات کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وجئے ڈیری کے نقصانات سے متعلق وجوہات پر مبنی تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ گزشتہ کئی برسوں میں بلز کی عدم ادائیگی اور کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی میں تاخیر کے بارے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں ملک سپلائیرس یعنی کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی کے بارے میں کئی شکایت ہیں۔ حالیہ عرصہ میں سرکاری ہاسٹلس ، اقامتی اسکولوں اور سرکاری ہاسپٹلس کو ٹنڈرس کی طلبی کے بغیر دودھ کی سربراہی کی شکایات ملی ہیں۔ نقصانات کا شکار وجئے ڈیری نے خسارہ کو منافع میں تبدیل کرنے کے لئے تروملا تروپتی دیواستھانم کو معیاری گھی کی سربراہی کا پیشکش کیا ہے۔1