نئی دہلی :صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی مدت کار 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ اس کے پیش نظر آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں ان کے لیے وداعی تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس دوران رام ناتھ کووند نے سیاسی پارٹیوں کو کچھ اہم نصیحتیں کیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’سیاسی پارٹیوں کو پارٹی پالیٹکس سے اوپر اٹھنا چاہیے اور عوام کی بھلائی کے لیے کام کرنا چاہیے۔‘‘اپنی تقریر کے دوران رام ناتھ کووند نے کہا کہ ’’میں نے یہاں سنٹرل ہال میں ہندوستان کے صدر کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔ میں نے پوری صلاحیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو نبھایا۔ میرے دل میں سبھی اراکین پارلیمنٹ کیلئے خاص جگہ ہے۔ میرے ملک کے سبھی سابق صدور ترغیب کے ذرائع رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’پارلیمنٹ میں کبھی کبھی نااتفاقیاں ہوتی رہتی ہیں، مختلف پارٹیوں کے الگ الگ نظریے ہو سکتے ہیں، لیکن ہم لگاتار ایک خاندان کی شکل میں کام کرتے رہتے ہیں۔‘‘صدر کووند کا کہنا ہے کہ وہ جب پورے ملک کو ایک کنبہ کی شکل میں دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ کسی مسئلہ کا حل نکالنے کیلئے کئی راستے ہو سکتے ہیں جو امن اور خیر سگالی پر مبنی ہوتے ہیں۔ شہریوں کو اپنے مطالبات کیلئے دباؤ بنانے کا حق ہے لیکن اسے پرامن طریقے سے ہی کیا جانا چاہیے۔