ورا ورا راؤ کی رہائی کیلئے 25 جولائی کو نکسلائیٹس کا بند

   

ماوسٹ غلبہ والے اضلاع میں پولیس کی سخت چوکسی،تحدیدات پر غور
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں 25 جولائی کو انقلابی مصنف ورا ورا راؤ کی رہائی کیلئے نکسلائٹس کی جانب سے بند کے اعلان کے بعد ریاست میں محکمہ پولیس کی جانب سے نکسلائٹس سے متاثرہ اضلاع میں پابندیاں اور تحدیدات عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریاست تلنگانہ میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( ماؤسٹ)کی تشکیل جدید اور نئی کمیٹیوں کے قیام کے بعد کی جانے والی اس پہلی بند کی اپیل کے ساتھ سی پی آئی (ماؤسٹ)نے سڑک کی تعمیر کیلئے موجود مشنری کو نذرآتش کرتے ہوئے اپنے وجود کا احساس دلانا شروع کردیاہے۔سی پی آئی ( ماؤسٹ) کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں 25 جولائی کو وراو را راؤ کی رہائی کے مطالبہ کے ساتھ بند منانے کے اعلان نے محکمہ پولیس کے تمام شعبوں کو متحرک کردیا ہے ۔اسپیشل پولیس فورس کے علاوہ گرے ہاؤنڈس اور خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے نکسلائٹس سے متاثرہ اضلاع اور دیہی علاقو ںمیں موجود دیہی عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جاریہ ماہ کے اختتام تک اپنے گاؤں سے باہر نہ نکلیں اور تفریحی سرگرمیوں سے اجتناب کریں۔محکمہ پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ ریاستی پولیس انتظامیہ کی جانب سے پڑوسی ریاستوں بالخصوص مہارشٹرا کے علاوہ چھتیس گڑھ سے ممنوعہ تنظیم کے رضاکاروں کی نقل و حرکت کے متعلق معلومات اکٹھا کی جارہی ہیں اور ان معلومات کی بنیاد پر پولیس کی جانب سے کاروائی کی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی پولیس انتظامیہ کو نکسلائٹس کی جانب سے جارحانہ حملہ کی خفیہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور ان اطلاعات کی بنیاد پر ہی پولیس نے طلایہ گردی اور تلاشی مہم میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انقلابی مصنف ورا ورا راؤ کی رہائی کیلئے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( ماؤسٹ ) نے 25 جولائی کو ریاست گیر بند کا اعلان کیا ہے اور محکمہ پولیس نے اس موقع پر کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعہ کے تدارک کیلئے تحدیدات عائد کئے ہیں۔