ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں کورونا تحقیقات کیلئے 120 سے زائد ممالک کی حمایت

,

   

’’ڈبلیو ایچ او چین کی کٹھ پتلی ہے‘‘ ادارے کی فنڈنگ مستقل طور پر ختم کردینے ٹرمپ کی دھمکی

واشنگٹن ۔ /19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارہ صحت کی ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں 120 سے زائد ممالک نے کورونا وبا سے متعلق تحقیقات کی حمایت کی ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی تفتیش ابھی”قبل از وقت‘‘ ہو گی۔ عالمی ادارہ صحت کی تحقیقات سے متعلق قرارداد کے مسودے میں چین کے کردار پر براہ راست کوئی سوال نہیں اٹھایا گیا، تاہم امریکہ کا الزام ہے کہ چین نے کورونا وبا کے حوالے سے معلومات چھپائیں تھیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت چین کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے اور کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام میں ناکام رہا ہے۔چین کے صدر شی جِن پِنگ نے کہا ہے کہ کورونا وبا پر قابو پانے کے بعد ان کا ملک اس عالمی بحران کی مفصل انکوئری کروانے کی حمایت کرتا ہے۔ لیکن چین کا موقف ہے کہ وائرس کی شروعات سے متعلق ابھی کوئی تفتیش ”قبل از وقت‘‘ ہو گی۔پیر کو عالمی ادارہ صحت کی ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اپنے خطاب میں چین کے صدر نے کہا کہ ان کی حکومت نے اس معاملے میں شروع سے”شفافیت اور ذمہ داری‘‘ کا مظاہرہ کیا ہے۔ پیر کو امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت کو دھمکی دی کہ اگر اس نے اگلے تیس دن میں بنیادی اصلاحات نہ کیں تو امریکہ اس ادارے کی فنڈنگ مستقل طور پر بند کر دے گا۔دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو چین کی کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر ادارے نے ایک ماہ کے اندر اصلاحات نہیں کیں تو وہ اس کے فنڈز کو مکمل طور پر ختم کر سکتے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران عالمی ادارہ صحت پر ایک بار پھر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ، ”وہ تو چین کی کٹھ پتلی ہے، اس کی پوری توجہ ہی چین پر ہے تاکہ انہیں بہترطورپر پیش کرسکیں۔” انہوں نے اس سلسلے میں تنظیم کو لکھے گئے ایک مکتوب کی نقل اپنے ٹویٹر پر شیئر کی ہے۔ اور کہا کہ تنظیم سے اپنی رکنیت پر بھی نظر ثانی کریں گے۔ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، ”یہ تو واضح ہے کہ اس وبائی مرض کے تدارک میں آپ اور آپ کی تنظیم کی طرف سے دہرائی جانے والی غلطیاں دنیا کے لیے انتہائی مہنگا ثابت ہوئی ہیں۔

کورونا سے بچنے ہائیڈروکسی کلوروکین استعمال کرتا ہوں :ٹرمپ
واشنگٹن ۔ /19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق وہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے انسداد ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکین استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ انکشاف گزشتہ روز معمول کی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دو ہفتوں سے اس دوا کا استعمال کر رہے ہیں اور امریکا میں کئی ڈاکٹرز بھی اسے استعمال کر رہے ہیں۔

کرونا بحران: عالمی ادارہ صحت نے کوتاہی تسلیم کر لی
جنیوا ۔ /19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا وائرس کی پیشگی معلومات کی فراہمی میں کوتاہی کو تسلیم کر لیا ہے اور وبائی مرض سے متعلق اپنے ردِعمل کا آزادانہ جائزہ لینے کی یقین دہائی بھی کرائی ہے۔ تاہم امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ادارے کو چین کا ’کٹھ پتلی‘ قرار دیا ہے۔ڈبلیو ایچ او کو کرونا وائرس سے متعلق دنیا کو فوری آگاہ نہ کرنے کی تنقید کا سامنا ہے۔ امریکہ نے ادارے پر وبا کے پھیلاؤ کی درست اور فوری معلومات فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی امداد بھی روک رکھی ہے۔پیر کو ڈبلیو ایچ او کا سالانہ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا تو اجلاس کے دوران مختلف ملکوں کے سربراہان اور وزرائے صحت نے ادارے کے کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

کورونا تحقیقات قبل از وقت اقدام ہوگا، چین
بیجنگ ۔ /19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ابتدا اور پھیلاؤ کے بارے میں تحقیقات قبل از وقت اقدام ہوگا۔ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بیشتر ممالک اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ابھی وبا کا خاتمہ نہیں ہوا، اس وقت وبا کے خلاف جنگ اور تعاون اہم ترجیح ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ وبا کی ابتدا سے متعلق تحقیقات کا فوری آغاز قبل از وقت اقدام ہوگا، یورپی یونین اور آسٹریلیا عالمی ادارہ صحت اجلاس میں رکن ممالک کی حمایت کے لیے کورونا وائرس تحقیقات کی قرارداد پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں.عالمی ادراہ صحت کے رکن ممالک کے وزرائے صحت کا پہلا ورچوئل دو روزہ اجلاس آج سے ہو رہا ہے