ورک فرم ہوم کو مکمل طور پر برخاست کرنے کی تجویز

   

مئی سے کمپنیوں میں ملازمین کو دفاتر سے کام کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔24فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ بالخصوص شہرحیدرآباد میں موجود انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے ملازمین کو روانہ کردہ ای۔میل میں کہا گیا ہے کہ ماہ مئی 2022سے تمام کمپنیوں کے دفاتر مکمل طور پر شروع کردئیے جائیں گے اور ان کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے لئے ورک فرم ہوم مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورملازمین سے کہا گیا ہے کہ کمپنیوں میں معمول کے مطابق کام کاج شروع کردیا گیا ہے اور اگر وہ چاہیں تو فوری طور پر دفترسے رجوع ہوتے ہوئے کام کاج شروع کرسکتے ہیں۔ ماہ مئی 2022 سے مکمل تعدادکے ساتھ کام کاج شروع کرنے کے ای۔میل کے متعلق کمپنیوں کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ کمپنی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ مارچ 2020میں جب مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا اس کے بعد سے کمپنیوں نے گھر سے کام کاج کی پالیسی اختیار کی تھی جس کے نتیجہ میں کئی ایسے ملازمین جو شہر حیدرآباد میں موجود کمپنیوں میں ملک کی دیگر ریاستوں اور شہروں سے پہنچ کرخدمات انجام دے رہے تھے وہ اپنے اپنے شہروں کے لئے روانہ ہوگئے تھے اور اس کے بعد سے ایک سے زائد مرتبہ تحدیدات عائد کئے جانے اور برخواست کئے جانے کے معاملہ میں فیصلوں کے سبب وہ واپس نہیں ہوپائے تھے جس کے سبب اب کمپنیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ملازمین کو تین ماہ کا وقت فراہم کرتے ہوئے انہیں دفاتر سے لازمی رجوع ہونے کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ اگر وہ اپنی ریاستوں اور شہروں سے خدمات انجام دے رہے ہیں تو واپس حیدرآباد آنے کے بعد اپنے قیام وغیرہ کا انتظام کرسکیں۔ شہر سے خدمات انجام دینے والے سرکردہ کمپنیوں وپرو‘ ٹاٹا کنسلٹنسی سروس‘ انفوسیز‘اوراکل ‘ کاگنیزنٹ اور ڈیلائٹ کے علاوہ دیگر کمپنیوں نے دفاتر سے مکمل طور پر خدمات انجام دینے کی اجازت فراہم کردی ہے اور تمام ملازمین کو مئی کے اواخر تک لازمی طور پر دفاتر میں خدمات سے رجوع ہونے کی تاکید کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے گذشتہ ایک برس سے ان انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کے ذمہ داروں سے خواہش کی جا رہی تھی کہ وہ دفاتر کو مکمل طور پر کارکرد بنانے کے اقدامات کریں تاکہ مصروفیت اور چہل پہل میں اضافہ ہوسکے۔ ان کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کا کہناہے کہ اب جبکہ بیشتر تمام آئی ٹی ملازمین کی ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور دفاتر کو محفوظ بنانے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں تو ایسی صورت میں دفاتر سے کام کاج کرنے میں انہیں کوئی عار نہیں ہے۔ محکمہ آئی ٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں موجودانفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیاں محفوظ ہیں اور بیشتر ملازمین 99.99 فیصد ملازمین کی ٹیکہ اندازی ہوچکی ہے اسی لئے کسی بھی طرح کے خوف میں مبتلاء ہوئے بغیر دفاتر سے خدمات انجام دینا شروع کیا جانا چاہئے ۔م