لندن سے اتوار کو واپسی کا فیصلہ ، سیاسی وجوہات کے تحت دورہ کی اجازت نہ دینے کی شکایت، لندن میں مختلف یونیورسٹیز کے دورہ کا پروگرام
حیدرآباد۔21۔اگسٹ (سیاست نیوز) وزارت خارجہ کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو دورہ امریکہ کی اجازت سے انکار کے بعد چیف منسٹر اور ان کی تلنگانہ رائزنگ ٹیم کا دورہ امریکہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ چیف منسٹر برطانیہ کے دورہ سے 23 اگست کو حیدرآباد واپس ہوجائیں گے۔ مرکز کی جانب سے سیاسی وجوہات کی بناء پر دورہ امریکہ کی اجازت نہ دیئے جانے کے بعد چیف منسٹر نے امریکہ کے دورہ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ طئے شدہ طریقہ کار اور پروٹوکول کے مطابق ریاستی حکومت نے چیف منسٹر کے برطانیہ اور امریکہ کے دورہ کی مرکز سے اجازت طلب کی تھی ۔ ابتداء میں برطانیہ دورہ کی اجازت دی گئی ۔ سرکاری ورفد کے برطانیہ پہنچنے کے بعد حکومت کو اطلاع دی گئی کہ امریکہ کے دورہ کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ تلنگانہ کی ترقی ، تعلیمی شعبہ کی پیشرفت اور وکست بھارت کی تعمیر میں معاون اس دورہ کو سیاسی وجوہات کی بناء پر اجازت نہیں دی گئی جس پر ریونت ریڈی نے حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرکز کے فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے لندن سے حیدرآباد واپس ہونے اور امریکہ کے بوسٹن کی مصروفیات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ چیف منسٹر نے وزارت خارجہ کے فیصلہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دورہ کا مقصد مرکز کی نئی تعلیمی پالیسی کے تحت دنیا کی معروف یونیورسٹیز کو ہندوستان ، تلنگانہ اور حیدرآباد میں سرگرمیوں کے آغاز کی ترغیب دینا تھا ۔ انہوں نے دنیا کی نامور آئی وی لیگ یونیورسٹیوں اور عالمی سطح کے تعلیمی اداروں سے معاہدات کا امکان تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی تعمیر اور نوجوانوں کے مستقبل کے معاملہ میں ہر کسی کو سیاست اور الیکشن سے بالاتر ہوکر سوچنا چاہئے ۔ مختلف یونیورسٹیز کے ساتھ ابتدائی مرحلہ کے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے دورہ امریکہ کی مصروفیات کو جاری رکھیں اور متعلقہ یونیورسٹیز کے ساتھ یادداشت مفاہمت کو قطعیت دے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی معیار کے نالج ہب کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ عثمانیہ یونیورسٹی ، حیدرآباد یونیورسٹی ، جے این ٹی یو اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں نے حیدرآباد کو بہترین انسانی وسائل کا مرکز بنایا ہے ۔ حیدرآباد پبلک اسکول نے ثابت کیا کہ ایک اسکول عالمی سطح کے قائدین تیار کرسکتا ہے اور اس ادارہ سے دنیا کے عظیم ٹکنالوجی لیڈرس تیار ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آئی آئی ٹی ، آئی ایس ڈی ، نلسار اور دیگر اداروں کے قیام سے حیدرآباد دنیا کی صفحہ اول کی گلوبل کیپبلٹی سنٹر کو راغب کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ حیدرآباد میں دنیا کے معروف تعلیمی اداروں اور اسکل ڈیولپمنٹ مراکز کے قیام کے ذریعہ 21 ویں صدی کے ترقیاتی سفر کو تقویت دی جائے گی ۔ ریونت ریڈی برطانیہ میں آکسفورڈ ، کیمبرج ، لندن اسکول آف اکنامکس ، لندن بزنس اسکول ، یونیورسٹی آف لندن اور دیگر اداروں کا دورہ کریں گے ۔ وہ اسپورٹس کے علاوہ اسکل ڈیولپمنٹ کے شعبہ کے ماہرین سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح کے تعلیمی اداروں کو حیدرآباد منتقل کرنے ان کی اولین ترجیح ہے۔1/k