وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی آبائی ریاست کورونا سے شدید متاثر

,

   

عدالت کے تبصرہ کے بعد مودی۔ شاہ کی جوڑی پر کس طرح بھروسہ کریں : کانگریس
نئی دہلی، 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے آبائی صوبہ گجرات اور وزیر داخلہ امت شاہ کے پارلیمانی حلقہ احمد آباد میں کورونا کی پوزیشن سب سے بدتر ہے اور اگر اس وبا کے خلاف جنگ چھیڑنے والے ان دونوں بااثر لوگوں کے آبائی علاقے کی یہ صورت حال ہے تو عوام کس طرح ان پر انحصار کریں گے کہ وہ ملک کو اس تباہ کن بیماری سے نجات دلا سکتے ہیں۔کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی۔ شاہ کی جوڑی ملک کو اس وبا سے بچانے کے لئے اس بات پر یقین کر رہی ہے لیکن یہ دو بڑے لیڈر اپنی ریاست کو سنبھالنے کے ہی قابل نہیں ثابت ہو رہے ہیں۔ احمد آباد تو شاہ کا پارلیمانی حلقہ ہے لیکن اس اہم پارلیمانی حلقہ میں کورونا سب سے بڑی مصیبت بن گیا ہے ۔ اسے لے کر گجرات ہائی کورٹ نے جو تبصرہ کیا ہے وہ بہت چونکانے والا ہے اور انہوں نے عدالت سے اس طرح کی پھٹکار کم ہی سنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گجرات ہائی کورٹ کی بینچ نے ہفتہ کو گجرات حکومت کے احمد آباد میں کورونا کی پوزیشن کو لے کر جو لفظ کہے ہیں وہ ناقابل بیان ہیں اور ان کو سن کر لگتا ہے کہ سچ میں گجرات میں جنگل راج چل رہا ہے ۔ سنگھوی نے کہا کہ عدالت نے اپنے 143 صفحے کے حکم میں کہا ہے کہ گجرات کا احمد آباد شہر کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں وینٹی لیٹر، آئی سی یو اور پی پی ای کٹس کی شدید کمی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ عدالت نے احمد آباد کے سول ہاسپٹل کو لے کر زیادہ ہی تیکھاتبصرہ کیا اور کہا ہے کہ اس ہاسپٹل کی حالت بہت خراب ہے جبکہ یہ شہر کا اہم ہاسپٹل ہے۔ احمدآباد میں کورونا کے سبب سے جو اموات ہو رہی ہیں ان میں 62 فیصد معاملے اسی ہاسپٹل کے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے متاثر لوگ پورے گجرات کے مقابلے میں 85 فیصد اسی شہر میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت کے تبصرے میں کہا گیا ہے کورونا کو لے کر مکمل طور پر غفلت برتی جارہی ہے اور کسی کا کہیں کوئی کنٹرول ہی نظر نہیں آتا ہے ۔ وزیر صحت شاید کبھی اس ہاسپٹل میں جھانکنے تک نہیں گئے ہوں گے جس سے سول ہاسپٹل کی حالت تہہ خانے سے بھی بدتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے خانگی ہاسپٹلس کو ٹسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہونے کا بھی نوٹس لیا ہے اور اس پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ سنگھوی نے کہا کہ دہلی سمیت کئی علاقوں میں خانگی ہاسپٹلس کو رونا جانچ کی اجازت ہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ گجرات حکومت نے یہ سہولت نہیں دی ہے ۔