وزیراعظم بنے بی جے پی کے ’پردھان پرچارک‘ :کانگریس

   

نئی دہلی ۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس نے وزیراعظم نریندرمودی پر سرکاری پیسے سے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )کی انتخابی مہم چلانے کا الزام لگاتے ہوئے منگل کو کہاکہ انتخابی کمیشن کو اس سلسلہ میں نوٹس لینا چاہئے ۔کانگریس ترجمان آنندشرما نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ مسٹر مودی کا وارانسی میں بھارتیہ پرواسی دیوس کے موقع پر کیاگیا خطاب وزیراعظم کے عہدے کے وقار کے مطابق نہیں ہے ۔انھوں نے کہاکہ ان کی تقریر حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی ۔انھوں نے الزام لگایاکہ وزیراعظم بی جے پی کی تشہیر اور اپوزیشن کو بدنام کرنے کے لیے سرکاری پیسے اور وسائل کا استعمال کررہے ہیں ۔یہ سرکاری پیسے کا ناجائز استعمال ہے ۔