وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پر چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس

   

سخت حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کی ہدایت، اہم شخصیتوں کا تین دن حیدرآباد میں قیام
حیدرآباد۔30۔ جون (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ حیدرآباد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی بی جے پی کی قومی عاملہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے تین دن تک حیدرآباد میں قیام کریں گے ۔ وزیراعظم 2 جولائی کو حیدرآباد پہنچیں گے اور 4 جولائی کی صبح روانہ ہوں گے ۔ وزیراعظم کے علاوہ مرکزی وزراء ، بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس اور ڈپٹی چیف منسٹرس اور بی جے پی کے قومی قائدین اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروںکو ہدایت دی کہ وزیراعظم کے دورہ کے سلسلہ میں وسیع تر انتظامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اہم شخصیتوں کے دورہ کے موقع پر مناسب سیکوریٹی انتظامات کئے جائیں۔ عوام کو کسی بھی تکلیف سے بچانے کیلئے ٹرافک کے بہتر بہاؤ پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ بہتر تال میل کے ذریعہ موثر انتظامات کریں اور مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پریڈ گراؤنڈ جہاں جلسہ عام منعقد ہوگا، اس کے اطراف بیریکیٹس نصب کئے جائیں اور برقی اور دیگر سہولتوں پر توجہ دی جائے ۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، اسپیشل چیف سکریٹری اینرجی سنیل شرما ، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا ، سکریٹری جی اے ڈی شیشادری ، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی ، سکریٹری عمارات و شوارع کے ایس سرینواس راجو ، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند ، کمشنر سائبر آباد اسٹیفن رویندرا ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، سکریٹری گورنر سریندر موہن کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسز سنجے کمار جین اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر