وزیراعظم پاکستان کا معاشی پیکیج ، کرفیو نہ لگانے کا فیصلہ

   

اسلام آباد ۔24 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا، پٹرول اور ڈیزل پر 15روپئے فی لیٹر کم کردیے۔سینئر صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مزدوروں کیلئے 200 ارب روپئے رکھے ہیں، جبکہ مشکل حالات میں پھنسے خاندانوں کیلئے 150ارب روپئے رکھے ہیں، ان خاندانوں کو 3 ہزار ماہانہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے ایکسپورٹ اور انڈسٹری سب سے زیادہ متاثر ہے، ایکسپورٹ انڈسٹری کو 100ارب روپئے کے فوری ٹیکس ری فنڈ دے رہے ہیں، چھوٹی صنعتوں اور زراعت کیلئے 100 ارب روپئے رکھے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجلی کے 300 یونٹ خرچ کرنے والے بل 3 ماہ کی قسطوں میں ادا کریں گے، یوٹیلٹی اسٹورز کیلئے مزید 50 ارب روپئے مختص کیے ہیں، دالوں سمیت ضروری اشیا پر شرح کم کر رہے ہیں۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آج سب سے زیادہ خطرہ کورونا کے خلاف نہیں غلط خبروں سے ہے، جب 21 کیسز تھے ہم نے اسی وقت لاک ڈاؤن کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ضروری یہ ہے کہ افراتفری نہیں پھیلائی جائے، مجھ سے اس وقت میڈیا کی بات نہ کریں، کورونا کی بات کریں، جس طرح کی میڈیا آزادی پاکستان میں ہے چیلنج کرتا ہوں کہ مغرب میں بھی حاصل نہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی قسمیں ہیں اور آخری قسم کرفیو ہے، ہم ملک بھر میں کرفیو کے متحمل نہیں ہوسکتے، کیا ہم کچی آبادیوں میں کھانا پہنچاسکتے ہیں۔