وزیر اعظم مودی کا آج نیپال کے لمبینی کا دورہ

   

نئی دہلی: نیپال کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو منفرد بتاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ پیر کو ان کے لمبینی کے دورے کا مقصد ہندوستان۔نیپال تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ دورہ نیپال کے موقع پر اپنے بیان میں پی ایم مودی نے اتوار کو کہا کہ وہ نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا کی دعوت پر 16 مئی کو نیپال کے لمبینی کا دورہ کریں گے۔ بدھ جینتی کے موقع پر مایا دیوی مندر میں پوجا ارچنا کے وہ منتظر ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ گزشتہ ماہ ہندوستان کے دورے کے دوران ایک نتیجہ خیز بات چیت کے بعد وزیر اعظم دیوبا سے دوبارہ ملاقات کے منتظر ہیں۔ دونوں ممالک ہائیڈرو پاور، ترقی اور کنیکٹیویٹی سمیت کئی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کیلئے مشترکہ افہام و تفہیم پر قائم رہیں گے۔ وزیراعظم مودی انڈیا انٹرنیشنل سینٹر فار بدھسٹ کلچر اینڈ ہیرٹیج کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ نیپال کی حکومت کی طرف سے منعقد ہونے والی بدھ جینتی کی تقریبات میں بھی وہ شرکت کریں گے۔ مودی نے کہا کہ نیپال کے ساتھ ہمارا رشتہ منفرد ہے۔