وزیر اعظم نریندر مودی کا حالیہ دورہ حیدرآباد کے سی آر پر تنقید میں گذر گیا: سکھیندر ریڈی

   

سرکاری تقریب میں بنڈی سنجے کا کیا کام، کے ٹی آر کو نشانہ بنانے کی مذمت
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے وزیر اعظم کے حالیہ دورہ حیدرآباد کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم کا دورہ بی جے پی پروگرام میں تبدیل ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری پروگرام میں پارٹی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کی شرکت باعث حیرت ہے۔ سرکاری تقریب سے پارٹی صدر کا کیا تعلق؟ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ساری تقریر چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید پر منحصر تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف کے سی آر پر تنقید میں مصروف ہے۔ کے سی آر کے وقار کو مجروح کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد۔ وجئے واڑہ ہائی وے کو 6 لائن کے طور پر ترقی دینے کی ضرورت ہے لیکن اس معاملہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری کو مکتوب روانہ کیا گیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ واجپائی دور حکومت میں نلگنڈہ تا ماچرلہ ریلوے لائن منظور کی گئی تھی لیکن مودی حکومت کو عمل آوری میں دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی اور بی جے پی قائدن کو پراجکٹس کی تکمیل پر توجہ دینی چاہیئے۔ اپوزیشن کی جانب سے کے ٹی آر کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے سکھیندر ریڈی نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس کے ریاستی صدور باہمی مشاورت کے ذریعہ منصوبہ بند طریقہ سے کے سی آر اور کے ٹی آر پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جدید قانون کے وعدوں پر عمل آوری کو یقینی بنانے میں بی جے پی قائدین ناکام ہوچکے ہیں۔ر

انہوں نے کہا کہ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں۔ اسمبلی میں منظورہ بلز کو راج بھون میں زیرالتواء رکھنا افسوسناک ہے۔ر