وزیر اعظم نے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا

,

   

گجرات کیلئے 1000 کروڑ کا ہنگامی ریلیف پیاکیج ۔ مودی کا اعلان

احمدآباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو گجرات کا دورہ کیا اور گردابی طوفان ’تاؤتے‘ سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ وزیر اعظم نے اس دوران مرکز کے زیرانتظام علاقہ دیو کے متاثرہ علاقوں کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت گردابی طوفان سے متاثرہ تمام ریاستوں کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔بعد ازاں وزیر اعظم مودی کی صدارت میں گجرات میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا، جس کے بعد وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ گجرات کو فوری طور پر 1000 کروڑ روپئے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت ایک بین وزارتی کمیٹی کو ریاست میں نقصان کا جائزہ لینے کیلئے روانہ کرے گی۔طوفان کے سبب جان گنوانے والے افراد کے کنبوں کیلئے بھی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں جن لوگوں کی تاؤتے طوفان کے سبب جان چلی گئی ان کے اہل خانہ کو 2، 2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کو 50 ، 50 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے گجرات میں کورونا کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گجرات کے تمام 33 اضلاع کے مجموعی طور پر 251میں سے 226تعلقہ جات میں بارش ہوئی ہے ۔ اوران میں سب سے زیادہ ضلع کھیڈا کے ناڈیاڈ میں 226ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق کل صبح 6بجے سے آج صبح 6بجے تک 24 گھنٹوں میں ریاست کے 226 تعلقہ جات میں بارش ہوئی ہے ۔

راجستھان پہنچنے کے بعد طوفان کی شدت میں کمی
جئے پور: بحرعرب سے اٹھنے والا سمندری طوفان ’تاؤتے‘ منگل کو دیر رات راجستھان پہنچا جس سے ریاست کے دارالحکومت جئے پور سمیت مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، حالانکہ اب طوفان کا زور ٹوٹتا ہوا نظر آرہا ہے ۔طوفان ادے پور کی طرف بڑھتے ہوئے آگے چلاگیا۔ اس کی وجہ سے ریاست میں ادے پور میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی۔ کچھ مقامات پر درختوں کے گرنے اور بجلی غائب ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔