ولیج ریوینو اسسٹنٹس کا مہا دھرنا، بی جے پی رکن اسمبلی راجندر کی شرکت
حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے چیف منسٹر کے سی آر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے عہدہ کا خواب دیکھنے والے چیف منسٹر کو پہلے عوامی مسائل کی یکسوئی اور وعدوں کی تکمیل کرنی چاہیئے۔ راجندر نے تلنگانہ میں وی آر اے ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کا چیف منسٹر سے مطالبہ کرتے ہوئے حیدرآباد میں وی آر اے کے مہا دھرنا میں حصہ لیا۔ اس موقع پر بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ ولیج ریوینو اسسٹنٹس کی صورتحال اگر بہتر ہو تو گاؤں میں صحت و صفائی یقینی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وی آر ایز کو ان کے اپنے گاؤں میں حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم مکان الاٹ کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے وی آر اے ملازمین کو جدوجہد میں بی جے پی کی مکمل تائید کا بھروسہ دلایا اور کہا کہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں بی جے پی وی آر اے ملازمین کے مسائل کو پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریوینو ڈپارٹمنٹ کیلئے علحدہ وزیر کی عدم موجودگی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ کے عہدیداروں اور ملازمین کا عوام سے رابطہ ختم ہوچکا ہے۔ ولیج ریوینو اسسٹنٹس کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت کو فوری مسائل کی یکسوئی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں سرکاری ملازمین کے احتجاج کا حوالہ دیا اور کہا کہ پی آر سی کیلئے آندھرا پردیش کے ملازمین نے حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم آر او رتبہ کے عہدیداروں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا معاملہ صرف تلنگانہ میں پیش آیا ہے۔ ملک کی تاریخ میں تلنگانہ وہ واحد ریاست ہے جہاں ریوینو ملازمین کے خلاف عوامی ناراضگی کا اظہار ہوا ۔ راجندر نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین بھی اپنے مسائل کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کی جانب سے تلنگانہ میں احتجاج کو کے سی آر فراموش کرچکے ہیں۔ر