وزیر اقلیتی بہبود نے دہلی میں مجسمہ کی تیاری کے مرکز کا معائنہ کیا

   

حیدرآباد میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کے لیے سرگرمیاں
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے آج نئی دہلی میں قومی قائدین کے مجسموں کی تیاری سے متعلق اسٹوڈیو کا دورہ کیا تاکہ حیدرآباد میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کی جاسکیں۔ نئی دہلی میں قومی قائدین کے مجسموں کی تیاری کیلئے ایک خاص اسٹوڈیو موجود ہے۔ تلنگانہ حکومت حسین ساگر کے قریب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا 125 فیٹ بلند مجسمہ نصب کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کے ایشور نے مجسموں کی تیاری کے ماہرین کے ساتھ مختلف مجسموں کا معائنہ کیا اور مجسموں کی تیاری میں استعمال کی جانے والی اجزاء اور ان کی پائیداری کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی مجسمہ کے بارے میں قطعی فیصلہ کرے گی۔ اسی دوران کے ایشور نے آندھرا پردیش کی تقسیم کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا موقف ابتداء ہی سے مخالف تلنگانہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں نریندر مودی حکومت نے تلنگانہ کے ساتھ ہر محاذ پر ناانصافی کی ہے۔ر