وزیر خارجہ سشما سوراج کی ابو ظہبی آمد

   

ابو ظہبی، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج اسلامک تعاون تنظیم (او آئی سی) ممالک کے وزراء خارجہ کی کانفرنس میں شرکت کے لئے جمعرات کی شب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دارالحکومت ابو ظہبی پہنچیں۔ ہندوستان کو ایسے موقع پر یہ فورم ملا ہے جب وہ پلوامہ حملہ کے بعد دہشت گردی کے مسئلے کو لے کر پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے کی مہم میں مصروف ہے ۔ پاکستان کی دہشت گرد انہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت کے ساتھ ہندوستان کی دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرنے کا امکان ہے ۔یہ پہلا موقع ہے جب 17 ممالک کے متاثر کن گروپ او آئی سی کی کانفرنس میں ہندوستان بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مسز سوراج اس کانفرنس میں حصہ لینے والی پہلی ہندوستانی وزیر خارجہ ہوں گی۔محکمہ خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوراج او آئی سی کے 46 ویں سیشن کے دو روزہ کانفرنس کے ابتدائی سیشن میں بطور‘ مہمان خصوصی’ شامل ہونگی ۔