حیدرآباد 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے آج سکریٹریٹ میں اپنے چیمبر میں وزارت کی ذمہ داری سنبھال لی۔ پونم پربھاکر نے تلنگانہ آر ٹی سی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی 3 فائیلوں پر دستخط کئے۔ مالیاتی سال 2023-24 ء کے دوران رعایتی بس پاس کی اجرائی کے سلسلہ میں آر ٹی سی کو ری ایمبرسمنٹ کے طور پر 212.50 کروڑ کی اجرائی سے متعلق فائیل پر پونم پربھاکر نے دستخط کئے۔ پونم پربھاکر نے سابق ہیڈ ٹرانسپورٹ کانسٹبل آنجہانی پانڈو بابو کی بیوہ کے لئے ایک لاکھ روپئے کی بطور میڈیکل کلیم منظوری دی۔ اِس موقع پر ریاستی وزیر ٹی ناگیشور راؤ، جوپلی کرشنا راؤ، ارکان اسمبلی جی ویویک، اے سرینواس، رکن کونسل جیون ریڈی، پرنسپل سکریٹری ٹرانسپورٹ بی وینکٹیشم، وانی پرساد اور آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر سجنار موجود تھے۔ اِس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہاکہ آر ٹی سی کو نقصانات سے باہر نکالنے کے لئے حکومت اقدامات کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کی 6 ضمانتوں میں سے 2 پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اُنھوں نے اسکیم پر عمل آوری کے آغاز سے خواتین میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔