وزیر پونم پربھاکر کا حیدرآباد تا شادنگر آر ٹی سی بس میں سفر

,

   

مفت بس خدمات پر خواتین سے استفسار ، غیر معمولی ردعمل ، مسافر حیرت زدہ

حیدرآباد۔3۔مارچ۔(سیاست نیوز) ریاستی وزیر بی سی ویلفیر و ٹرانسپورٹ مسٹر پونم پربھاکر نے حیدرآباد تا شاد نگر آرٹی سی بس میں سفر کرتے ہوئے مسافرین کو حیرت زدہ کردیا اور دوران سفر انہوں نے بس مسافرین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کے متعلق آگہی حاصل کی۔ مسٹر پونم پربھاکر نے بس میں سوار خواتین سے حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی خواتین کے لئے مفت بس خدمات اسکیم کے متعلق دریافت کیا جس پر خواتین نے زبردست ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے مہالکشمی اسکیم پر عمل آوری کے سبب انہیں کافی فائدہ حاصل ہوا ہے ۔ خواتین نے بتایا کہ مفت بس کے سفر کی اسکیم کی وجہ سے ان کی بچت میں اضافہ ہوا ہے لیکن آرٹی سی بسوں کی قلت کی وجہ سے کئی مرتبہ انہیں بس کا طویل انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ مسٹر پونم پربھا کرنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جلد ہی 1000 نئی بسوں کو حاصل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان نئی بسوں کے آغاز کے بعد خواتین کو بس کے انتظار کی تکلیف سے بھی نجات حاصل ہوجائے گی۔ وزیر نے بس میں موجود مرد مسافرین سے بھی اسکیم اور بس سہولتوں کے متعلق آگہی حاصل کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے بس خدمات کو محفوظ اور بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران بس سہولت کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ مسٹر پونم پربھاکر جو شہر حیدرآباد سے محبوب نگر میں منعقدہ سرکاری پروگرام میں شرکت کے لئے روانہ ہوئے تھے نے اچانک راستہ میں اس بات کا فیصلہ کیا کہ حیدرآباد تا شاد نگر آرٹی سی بس کے ذریعہ سفرکیا جائے ۔ انہو ںنے اچانک بس میں سوار ہوتے ہوئے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ مسافرین نے بس سہولتوں میں بہتری کے لئے تجاویز پیش کرنے کے علاوہ ریاستی وزیر کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے بسوں کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں طویل انتظار کرنے کی نوبت نہیں رہے گی۔ مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ ریاست میں اب عوامی حکمرانی ہے اور عوام کی تجاویز اور مشوروں کے ساتھ ہی حکومت کام کررہی ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ خواتین کے لئے مفت بس کے سفر کی اسکیم کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور خواتین کی جانب سے اس اسکیم سے بھرپوراستفادہ کیا جا رہا ہے ۔ اس ردعمل کو دیکھتے ہوئے حکومت نے مرد مسافرین کے لئے بھی بہتر سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔3