وسیم رضوی کی پھر شرانگیزی، رضا اکیڈمی کا سخت اعتراض

   

نئی دہلی: وسیم رضوی نے قرآن کی 26 آیات کو ہٹانے کا جو فتنہ کھڑا کیا تھا، اس کی چو طرفہ سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔رضا اکیڈمی پہلے روز سے وسیم رضوی کی اس مذموم حرکت کی مخالفت کر تی آرہی ہے۔ اس مسئلے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر رضا اکیڈمی کے سربراہ مولانا الحاج محمد سعید نوری دہلی پہنچے جہاں انہوں نے علمائے کرام و دیگر افراد سے ملاقات کی اور وسیم رضوی نے 26 آیتوں کو ہٹا کر جو قرآن کا نسخہ تیار کیا ہے اس کی سخت مخالفت کی۔ صحافیوں سے اس مسئلے پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مولانا الحاج سعید نوری نے کہاکہ ’’وسیم رضوی نے ایک اعلان کیا ہے جس میں اس نے قرآن کی 26 آیات کو قرآن شریف سے نکال کر ایک قرآن کا نسخہ شائع کیا ہے جس کو وہ مارکیٹ میں لانے والا ہے۔ وسیم رضوی کے اس عمل کی پوری دنیا کے مسلمان مخالفت کر رہے ہیں۔ لکھنو پولیس کمشنر سے رضا اکیڈمی ممبئی مطالبہ کرتی ہے کہ قرآن کے ان نسخوں کو فوری طورپر ضبط کیا جائے اور وسیم رضوی کو گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے۔‘‘مولانا سعید نوری کا کہنا ہے کہ اگر وسیم رضوی کے ذریعہ شائع کر دہ یہ نسخہ مارکیٹ میں آ گیا تو پوری دنیا کے مسلمانوں میں بے چینی کی لہر دوڑ جائے گی، لوگ اجتجاج کریں گے۔ انہوں نے انتظامیہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مرتد وسیم رضوی کی اس ناپاک حرکت پر تقریباً پورے ملک میں 30 ایف آئی آر درج ہیں لیکن کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے، جس سے عوام میں یہ پیغام جارہا ہے کہ حکومت وسیم رضوی کی کھلے طور پر پشت پناہی کر رہی ہے۔