وعدوں کی عدم تکمیل پر بی آر ایس احتجاج کرے گی : ہریش راؤ

   

سنگاریڈی 24 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی ہریش راو سابق وزیر و رکن اسمبلی سدی پیٹ نے سنگاریڈی میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ بحیثیت اپوزیشن جماعت بی آر ایس پارٹی کی ذمہ داری ہیکہ وہ کانگریس حکومت سے وعدوں کی عدم تکمیل پر سوال کرے اور بی آر ایس وعدوں کی تکمیل تک نہ صرف سوال کریگی بلکہ عوامی احتجاج و تحریک بھی منظم کریگی۔ کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے موقع پر تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نھیں کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس برسر اقتدار آنے پر پہلے اسمبلی اجلاس میں کانگریس کی 6 ضمانتوں اور 13 وعدوں کی تکمیل کے لیے قانون سازی کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار کے چار ماہ میں بھی اس کو پورا نھیں کیا۔ 120 دن گذر جانے کے باوجود ان ضمانتوں اور وعدوں پر عمل آوری کی سمت کوئی پیش رفت نھیں ہوئی ہے۔ کانگریس کے 6 ضمانتوں اور 13 وعدوں کی تکمیل کی ذمہ داری سونیا گاندھی نے لیتے ہوے تلنگانہ عوام کو مراسلہ لکھا تھا۔ اس موقع پر گالی انیل کمار امیدوار بی آر ایس حلقہ پارلیمنٹ ظہیرآباد، منجو شری جئے پال ریڈی چیرمین ضلع پریشد، بھوپال ریڈی سابق ایم ایل اے نارائن کھیڑ، پی مانکیم اور دیگر قائدین موجود تھے۔