وقف اراضیات پر قابضین کے خلاف کارروائی کا انتباہ

   

گجویل ۔ 19 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر گجویل میں موجود وقف زمینات پر ناجائز قابضین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس بات کا انتباہ گجویل پولیس سرکل انسپکٹر جان ریڈی نے ایک صحافتی بیان میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقر گجویل کے رہنے والے چند نوجوان پولیس میں شکایت درج کروائی کہ سروے نمبر 333 میں موجود 14 گنٹہ وقف زمین کو چند افراد سروے نمبر 332 کا رجسٹریشن بناتے ہوئے قابض ہونے کے علاوہ ان وقف اراضیات کو فروخت کرنے کے اقدامات میں مصروف ہیں جس پر پولیس گجویل نے جائے وقوع پہنچ کر تحقیقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں چار افراد پر ایک کیس درج کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا تیقن دیا۔ پولیس سرکل انسپکٹر گجویل جان ریڈی نے کہا کہ وقف اراضیات کے علاوہ سرکاری زمینات پر ناجائز قبضہ کرنے والے افراد پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔