حکومت سے جی او واپس لینے کا مطالبہ، دیگر محکمہ جات میں ضم کرنے کی تیاریاں
حیدرآباد۔/2اگسٹ، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ولیج ریوینو آفیسرس کی خدمات کی دیگر محکمہ جات میں منتقلی کے خلاف تحصیلدار اسوسی ایشن نے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ حکومت نے تقریباً دو سال قبل محکمہ مال میں اصلاحات کے نام پر ولیج ریوینو آفیسر کے عہدوں کو کالعدم کردیا تھا۔ طویل وقفہ کے بعد حکومت نے ولیج ریوینو آفیسرس کی خدمات کو ان کے متعلقہ محکمہ ریوینو کے بجائے دیگر محکمہ جات میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں جی او نمبر 121 جاری کیا گیا۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ولیج ریوینو آفیسرس کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرلیں۔ کلکٹرس سے خواہش کی گئی ہے کہ 5385 ولیج ریوینو آفیسرس کی جائیدادوں کو جونیر اسسٹنٹ یا اس کے مساوی عہدہ کے مطابق تبدیل کرتے ہوئے تعیناتی عمل میں لائیں۔ کلکٹریٹ میں مخلوعہ جائیدادوں کی دستیابی کی بنیاد پر تعیناتی عمل میں آئے گی۔ اسی دوران ولیج ریوینو آفیسرس اور تلنگانہ تحصیلدار اسوسی ایشن کے علاوہ محکمہ مال کی دیگر تنظیموں نے حکومت کے فیصلہ کی مخالفت کی ہے۔ وہ ولیج ریوینو آفیسرس کی خدمات کو محکمہ مال میں برقرار رکھنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ چیف کمشنر لینڈ اڈمنسٹریشن کے دفتر کے روبرو ملازمین نے احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ محکمہ مال میں 6874 جائیدادیں موجود ہیں اور ان کی تعیناتی کے ذریعہ اراضی سے متعلق امور کی یکسوئی میں مدد ملے گی۔ اسوسی ایشن نے کہا کہ اگر جی او 121 کو واپس نہیں لیا گیا تو احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ تنظیموں نے دھرانی پورٹل میں ہونے والی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ر