ونڈے میں سب سے اچھا آل راؤنڈر بن سکتا تھا :عرفان پٹھان

   

نئی دہلی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے دعوی کیا ہے کہ وہ ونڈے کرکٹ میں ہندوستان کے سب سے اچھے آل راؤنڈر بن سکتے تھے لیکن ان کا کرکٹ کیریئر زیادہ دن نہیں چل سکا اور اسی وجہ سے وہ ہندوستان کے بہترین آل راؤنڈر نہیں بن سکے۔ عرفان کو ہمیشہ پچھتاوا رہے گا کہ انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ صرف 27 سال کی عمر میں ہندوستان کے لئے کھیلا تھا۔ عرفان کو یہ بھی لگتا ہے کہ وہ ہندوستانی ٹیم کو زیادہ دے سکتے تھے لیکن ایسا نہیں ہو سکا کیونکہ وقت سے پہلے ہی انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔ مایوس عرفان نے27 سال کی کم عمری میں کرکٹ کو الوداع کہا۔