ونیزویلا کے گائیڈو کا تائید حاصل کرنے ملک گیر دورہ

   

ویلنگشیا 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ونیزویلا کے خود ساختہ عبوری قائد جوانگ گائیڈو نے ملک گیر دورے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو صدر نیکولس مادورو کو اقتدار سے بیدخل کرنا اور اپنی تائید کے لئے تیار کرنا ہے۔ اُن کے دورے کا مرکز توجہ ہائیڈرو الیکٹرک انفراسٹرکچر کا دفاع ہے جنھیں بار بار برقی سربراہی کے انقطاع کی وجہ سے خطرہ لاحق ہے۔ گائیڈو اس کے لئے موجودہ صدر مادورو کو ملزم قرار دیتے ہیں اور ماہرین کے بموجب یہ برسوں کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے جسے سبوتاج کی کارروائی بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ اپوزیشن زیرقیادت قومی اسمبلی کے قائد گائیڈو کا دعویٰ ہے کہ وہ ملک کے عبوری صدر ہیں اور اُنھیں امریکہ، کینیڈا اور لاطینی امریکہ کے علاوہ یوروپ نے بھی صدر ونیزویلا تسلیم کرلیا ہے۔ صدر گائیڈو نے عہد کیاکہ وہ جلد ہی اپنا عہدہ سنبھالیں گے اور اصلاحات کا آغاز کریں گے۔ وہ تقریباً 2 مہینوں سے مادورے کی مخالفت میں مہم چلارہے ہیں جبکہ اُنھوں نے اپنے آپ کو کارگذار صدر قرار دے دیا ہے۔ اُن کے جلسوں میں ہزاروں افراد شرکت کررہے ہیں جبکہ نیکولس مادورو نے حال ہی میں ایک تقریب حلف برداری میں دوسری میعاد کے لئے حلف لیا تھا حالانکہ قومی اسمبلی میں اُن کی پارٹی کی اکثریت برقرار نہیں رہی۔ گائیڈو نے اپنے حامیوں سے کہاکہ ہم بہت جلد عوام کی ملکیت اُن کو واپس دلوائیں گے۔