ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے فارم کی خانہ پری کا طریقہ

   

تصویر سے لیکر بوتھ نمبر تک تمام معلومات کی ہوگی جانچ ، ذرا سی غلطی پڑسکتی ہے مہنگی
حیدرآباد : 22جون ( سیاست نیوز) ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظر ثانی پروگرام کے تحت تقسیم کئے جانے والے (Enumeration Forms) کو لیکر عوام میں پائی جانے والی الجھن کو دور کرنے کیلئے ایک معلوماتی گائیڈ جاری کی گئی ہے تاکہ ووٹرس کسی بھی غلطی کے بغیر اپنا فارم درست طریقہ سے پُرکرسکیں ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اس فارم کے اوپری حصہ میں متعلقہ بی ایل او(BLO) کا نام اور فون نمبر درج ہوتا ہے جبکہ دائیں جانب ووٹر کو اپنی تازہ ترین پاسپورٹ سائز تصویر چسپاں کرنی ہوتی ہے ۔ اس فارم کو بنیادی طور پر تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پہلا حصہ فارم کے پہلے باکس میں ووٹر کو اپنی موجودہ اور مکمل تفصیلات درج کرنی ہوگی جیسے تاریخ پیدائش ، آدھار کارڈ نمبر اور موبائیل نمبر یا سرپرست کا نام اور ان کا ووٹر آئی ڈی (EPIC) نمبر ، والدہ کا نام اور ان کا ووٹر آئی ڈی نمبر ،شادی شدہ ووٹرس کیلئے شریک حیات ( لائف پارٹنر) کا نام اور ان کا ووٹر آئی ڈی نمبر لکھنا لازمی ہے ۔ (غیرشادی شدہ افراد اس خانہ کو خالی چھوڑ سکتے ہیں )۔ دوسرے حصہ میں ایسے ووٹرس جن کا نام سال 2002 کی (SIR) ووٹر لسٹ میں پہلے سے موجود تھا اس باکس میں ووٹر کو 2002 کے ریکارڈ کے مطابق اپنا نام اور ووٹر آئی ڈی نمبر لکھنا ہوگا ۔ والدین یا رشتہ داروں کا نام ان کے ساتھ رشتہ ، ضلع ، ریاست اور اسمبلی حلقہ کا نام و نمبر درج کرنا ہوگا ۔ اس کے علاوہ ووٹر لسٹ کے مطابق اپنا بوتھ نمبر اور سیریل نمبر بھی لکھناہوگا ۔ تیسرا حصہ : اگر کسی ووٹر کا نام سال 2002 کی ووٹر لسٹ میں موجود نہیں تھا تو انہیں تیسرا باکس پُر کرنا ہوگا ۔ اس خانے میں ووٹر کو اپنے والدین یا دادا ، دادی / نانا، نانی کی تفصیلات دینی ہوں گی ، جن کا نام 2002 میں ( ریاست تلنگانہ کے علاوہ چاہے ہندوستان کے کسی بھی دوسرے حصہ میں ) ووٹر لسٹ میں شامل تھا ۔ ان کا نام ، ووٹر آئی ڈی نمبر ، رشتہ دار کا نام ، ضلع ، ریاست ، اسمبلی حلقہ کا نام ، بوتھ نمبر اور سیریل نمبر درج کرنا لازمی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق فارم کی خانہ پوری کرتے وقت تکنیکیفارمولے کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے ۔ اگر آپ کا 2002 میں ووٹ تھا تو آپ کو صرف باکس نمبر (1) اور باکس نمبر (2) پُر کرنا ہے ۔باکس (3) کو خالی چھوڑ دیں ۔ اگر آپ کا 2002 میں ووٹ نہیں تھا تو آپ کو صرف باکس نمبر (1) اور باکس نمبر (3) پُر کرنا ہے ۔ باکس نمبر (2) خالی چھوڑ دیں ۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ سافٹ ویر اسکریننگ کے دوران ان کا فارم مشتبہ فہرست میں شامل نہ ہو اور ان کا جمہوری حق محفوظ رہے ۔2