ووٹ کی اہمیت سے ہر شہری کو واقف کروانے کی کوشش

   

گلبرگہ میں سوئیپ کمیٹی کی جانب سے بیداری جلوس ، ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنم اور دیگر عہدیداروں کی شرکت

گلبرگہ ۔10 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رائے دہندگان کی باقاعدہ تربیت اور انتخابات میں ان کی حصہ داری کے مقصد سے سال 2009 ء میں Systematic Voters Education And Electoral Participation (SVEEP) سوئیپ کے نام سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔ اب اپریل 2024میں پارلیمانی انتخابات منعقد کئے جانے کے امکان کے پیش نظر یہ کمیٹی فعال ہوگئی ہے تاکہ ملک بھر میں راے دہندوں کو انتخابات کیلئے تیار کیا جاسکے اور تربیت دی جائے تاکہ تمام رائے دہندگان ملک بھر میں منعقد ہونے والے اس جمہوری تہوار میںبڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔یہ کمیٹی الیکٹورل رول میں اپنے نام درج کروانے کے علاوہ ناموں کی تصحیح اورمرحوم ارکان خاندان کے نام فہرست رائے دہندگان سے خارج کرنے کیلئے بھی خدمات انجام دے رہی ہے۔ چنانچہ 9جنوری بروز منگل ڈپٹی کمشنر گلبرگہ محترمہ فوزیہ ترنم ، چیف ایکزیکیٹیو آفیسر ضلع پنچایت گلبرگہ بھنور سنگھ مینا ، سٹی کارپوریشن گلبرگہ کے کمشنر بھونیش پاٹل اور دیگر عہدہ داران نے مل کرشہر میں ایک بیداری ریالی نالی تاکہ رائے دہندگان میں بیداری پیدا ہوسکے اور پارلیمانی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالے جاسکیں اور رائے دہی کے فیصد میں اضافہ ہوسکے ۔ شہر میں منعقد کی گئی اس ریالی میں ہزاروں طلبا نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنم نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم الیکٹرانک مشینوں کے استعمال سے متعلق رائے دہندگان کو مناست تربیت دے رہے ہیں انھوں نے کہا کہ SVEEPکی سرگرمیاں تمام کالجوں اور گرام پنچایتوں میں منعقد کی جائیں گی ۔ انھوں نے کہا کہ ووٹ کی اہمیت اورووٹ ڈالنے کی اہمیت کے ضمن میں ہرشہری میں بیداری پیدا کی جائیگی ۔ واضح رہے کہ علاقہ کلیان کرناٹک( سابقہ نام حیدر آباد کرناٹک ) میں بڑے پیمانہ پر عوام کی منتقلی اور کم تعلیم کے تناسب کے سبب تنظیم سوئیپ کو سخت چیالینجیس کا سامنا کرنا پڑ تارہا ہے۔ لہٰذا سوئیپ کمیٹی شہریوں میں ایک منفرد انداز سے عوام میں بیداری پیدا کررہی ہے۔ یہ کمیٹی رائے دہندگان کی تربیت کے لئے مقامی آرٹ اور کلچر کا بھی استعمال کررہی ہے۔ اس کے علاوہ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے تمام ہاسٹلوں میں قیام پذیر طلبا سے کہا جارہا ہے کہ وہ اپنے والدین اور سرپرستوں کو لازمی طور پرپارلیمانی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لئے تیار کرائیں ۔طلبا او ر طالبات سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ اپنے والدین اور سرپرستوں سے کہیں کہ وہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ان کے ووٹوں کو خریدنے کی کوشش کو ناکام بنادیں ۔ اپنے ووٹ فروخت نہ کریں اور صرف صحیح امیدوار کے حق میں ہی اپنے ووٹوں کا استعمال کریں ۔