صنعتوں کے ہر فیصلے میں ’’انڈیا فرسٹ‘‘کا جذبہ رکھنے پر زور، صنعتی تنظیم فکی کے 100 سال پر نریندر مودی کا خطاب
نئی دہلی، 19 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ملک کے صنعت کاروں سے ایک بار پھر خود کفیلی کے لیے کام کرنے اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی جن میں ملک درآمدات پر منحصر ہے ۔ مودی نے صنعتی تنظیم فکی کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر تنظیم کے سالانہ عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے دور میں جب وسائل کی تجارت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ، ملک کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اگلے 20 برسوں میں وکست بھارت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے صنعتوں سے ہر فیصلے میں ’’انڈیا فرسٹ‘‘ کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دوا سازی، فولاد، ایلومینیم، معدنیات اور زرعی مصنوعات جیسے کئی شعبے ہیں جن میں خود کفیل بننے کی ضرورت ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے برآمدات میں اضافے کے لیے عالمی صارفین کی ضروریات کو سمجھنے اور ان کے مطابق مصنوعات تیار کرنے نیز گھریلو صارفین کے لیے عالمی معیار کی مصنوعات تیار کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان گیہوں برآمد کرتا ہے ، جبکہ بریڈ درآمد کرتا ہے ۔ باکسائٹ کے ذخائر ہونے کے باوجود مخصوص قسم کا ایلومینیم درآمد کیا جاتا ہے ۔ خام لوہے کا برآمد کنندہ ہونے کے باوجود ہم تیار فولاد درآمد کرتے ہیں۔ دوا سازی کی صنعت میں اے پی آئی، بلک ڈرگ اور ڈرگ انٹرمیڈیٹ پر ہر سال اربوں ڈالر کی غیر ملکی کرنسی خرچ ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے صنعتوں سے خود احتسابی کرنے کو کہا کہ ان میں سے کون سے اجزا ملک میں تیار کیے جا سکتے ہیں۔ گزشتہ 12-13 برسوں کے دوران کاروبار کو آسان بنانے کے لیے بنائی گئی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک سرمایہ سازوں کا احترام کرکے ہی آگے بڑھ سکتا ہے ، انہیں دن رات گالیاں دے کر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کارپوریٹ ٹیکس کی شرح 30 فیصد سے گھٹا کر 22 فیصد کر دی ہے ۔ 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی کو ٹیکس سے مستثنیٰ کر دیا ہے ۔ اس سے لوگوں کی قوت خرید میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا صنعتوں نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، کیا ملازمین کی تعداد بڑھائی؟ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ملک کے نوجوانوں، کسانوں اور صنعت کاروں نے صورت حال بدل دی ہے۔
ہندوستان ”فریجائل فائیو” سے نکل کر دنیا میں سب سے تیز رفتار سے ترقی کرنے والا ملک بن گیا ہے ۔ غربت سے باہر نکلنے کی رفتار بھی سب سے تیز رہی ہے ۔
عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 12-13 برسوں میں 50 کروڑ سے زیادہ لوگ خطِ غربت سے باہر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”غریبی ہٹاؤ” کا نعرہ 1970 کی دہائی میں دیا گیا تھا۔ اس وقت ملک کی آبادی ہی 50 کروڑ تھی۔ اگر اس وقت کی حکومت چاہتی تو غربت تب بھی ختم ہو سکتی تھی، لیکن ”اس وقت پالیسیوں میں بھی کمی تھی اور نیت میں بھی کمی تھی۔”
اگلے 20 برسوں کے لیے صنعتوں کو ہدف دیتے ہوئے مسٹر مودی نے مل کر منصوبہ تیار کرنے ، دنیا کی ضروریات کو سمجھنے اور ان کے مطابق برآمدات کے لیے مصنوعات تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی مصنوعات دنیا میں ملک کی پہچان بننی چاہئیں۔ عالمی زرعی برآمدات میں ملک کی حصہ داری محض 2.5 فیصد ہے ۔ ہینڈ ٹول اور پاور ٹول کی برآمدات میں حصہ داری کافی کم ہے ۔ مشینری کی تیاری اور پیکیجنگ کے آلات کی تیاری میں ہم پیچھے ہیں۔ ان تمام شعبوں میں وافر مواقع موجود ہیں۔