وہاب ریاض بھی ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کے لئے تیار

   

لاہور۔2 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا بھی ٹسٹ سے دل بھرگیا اور وہ بھی سرخ گیندکی کرکٹ سے کنارہ کشی کا فیصلہ کر لیا۔ وہاب ریاض نے بھی محمد عامر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فاسٹ بولر کینیڈا میں کرکٹ لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں وطن واپسی پر وہ ٹسٹ کرکٹ کو چھوڑنے کا اعلان کریں گے۔2010ء میں ٹسٹ کرکٹ کا آغاز کرنے والے فاسٹ بولر اس حوالے سے کافی خوش قسمت ہیں کہ پہلے ٹسٹ میں ہی بیرون ملک پاکستان کو فتح دلوائی تھی۔ انگلینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کر کے ٹسٹ میں اپنی شناخت بنائی تھی۔ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے اپنے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ احسان مانی کو آگاہ کر دیا ہے وہ باضابطہ اعلان کینیڈا میں ٹی ٹونٹی لیگ سے ملک میں واپس آکر میڈیا کے ذریعہ کریں گے۔اس دوران ٹیم کے مستقل رکن رہے تاہم ٹسٹ میں کارکردگی بہتر نہ ہونے کی بناء پر انہیں ٹیم سے خارج کیا گیا، انہوں نے اپنا آخری میچ اکتوبر 2018ء میں آسٹریلیا کیخلاف ابو ظہبی میں کھیلا۔ جس میں وہ قابل ذکرکارکردگی نہ دکھا سکے دونوں اننگز میں ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ فاسٹ بولر نے دس سالہ کیرئیر میں27 میچ کھیل کر83 وکٹیں حاصل کئے ہیں۔ ان کی بہترین بولنگ 83 رنزدیکر5 وکٹیں ہیں۔ اپنے کیریئر میں دومرتبہ پانچ وکٹیں جبکہ تین مرتبہ چار وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔