سڈنی : ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی آسٹریلیا اے کے خلاف تین روزہ وارم اپ میچ کے دوران 17 دسمبر کو ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ سے قبل اوپنر مینک اگروال کے نیٹ مینٹر بن گئے اور مینک کو ویراٹ کے مشورے کا پورا فائدہ ملا۔ مینک آسٹریلیا کے خلاف چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں شامل ہیں۔ مینک گذشتہ ہفتے آسٹریلیا اے کے خلاف کھیلے گئے پہلے پریکٹس میچ میں نہیں کھیلے تھے اوردن۔ رات کے دوسرے پریکٹس میچ کی پہلی اننگ میں صرف دو رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے ۔ ویراٹ نے نیٹ پریکٹس میں مینک کی بیٹنگ پر خاص طور پر نظر رکھی اور اسے غلطی کو ٹھیک کرنے کا مشورہ دیا۔
مینک کو بھی ویراٹ کی رہنمائی سے فائدہ ہوا اور انہوں نے دوسری اننگ میں 120 گیندوں کا سامنا کیا۔ جبکہ دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 61 رن بنائے ۔ ویراٹ نے پریکٹس میچ سے قبل جمعہ کے روز مینک کے ساتھ نیٹ پر آدھا گھنٹہ گزارا اور اس دوران انہوں نے مینک کو کہاکہ “آپ نے مجھے کچھ بتائے بغیر آخری چند گیندوں کا اچھا سامنا کیا۔” ویراٹ کی رہنمائی سے مینک بھی کافی اچھا محسوس کررہے تھے ۔ جس کا نتیجہ بھی ان کی بیٹنگ میں بھی دکھا۔ مینک نے ویراٹ کے مشورے کے علاوہ فاسٹ بالر جسپریت بمراہ کا بھی نیٹس میں سامنا کیا اور اس دوران آف اسٹمپ کے باہر کئی شاٹس کھیلتے ہوئے ان کے بیٹ سے کئی گیندیں کنارا لگ کربھی گئی، جس کے بعد وہ خود کو کچھ سمجھاتے ہوئے دکھائی دیئے ۔