ویزٹ ویزے کی انتہائی مدت کے بعد توسیع سے متعلق وضاحت

   

ریاض ( کے این واصف ) سعودی عرب میں جوازات ( محکمہ داخلہ ) کے قانون کے مطابق خروج و عودہ پر جانے والے افراد اس بات کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ اپنے مقررہ وقت پر مملکت واپس آئیں ۔ اگر وقت پر واپسی کا ارادہ نہیں ہو تو اس صورت میں خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کرانا ضروری ہے ۔ جوازات کے ٹوئٹر پر ایک استفسار کے جواب میں جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ ’’ ویزٹ ویزے کے ضوابط پر عمل کرنا ضروری ہے ‘‘ ۔ قانون کے مطابق ویزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرنا ہوتا ہے ۔ واضخ رہے کہ سعودی عرب میں فیملی ویزٹ ویزے دو طرح کے جاری کئے جاتے ہیں ۔ ایک ویزا سنگل انٹری ہوتا ہے جس کی انتہائی مدت 180 دن ہوتی ہے ۔سنگل انٹری ویزے پر آنے والوں کو 180دن ختم ہونے سے قبل مملکت سے نکل جانا ضروری ہوتا ہے ۔ اس کے بعد دوبارہ آنے کی صورت میں نیا ویزا کروانا ہوتا ہے ۔ دوسری قسم کے ویزے جسے ملٹی انٹری ویزا کہا جاتا ہے ۔ اس کی مدت ایک برس ہوتی ہے ۔ اس ویزے پر آنے والوں کو 180 دن ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرنے کے بعد دوبارہ اسی ویزے پر مملکت آکر مزید 6 ماہ قیام کرسکتے ہیں ۔ ملٹی انٹری ویزے کی انتہائی مدت ایک برس ہوتی ہے اس کے بعد اس میں توسیع نہیں کی جاسکتی ۔