وینزویلا زلزلہ : ہلاکتوں کی تعداد 2600 سے متجاوز

   

کراکس ۔ 4 جولائی (ایجنسیز) وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد انسانی المیہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ عبوری صدر روڈریگز نے تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قدرتی آفت کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2600 ہو گئی ہے، جبکہ امدادی ادارے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مسلسل مصروف ہیں۔ عبوری صدر کے مطابق ریاست لاگویرا اس تباہی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے، جہاں تقریباً تمام سرکاری اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلوں کے باعث اب تک 189 عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں، جس سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور حکومت نے امدادی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے، متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے تعاون سے 20 کروڑ ڈالر کا خصوصی تعمیرِ نو فنڈ قائم کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد بنیادی ڈھانچے اور رہائشی علاقوں کی بحالی کو ممکن بنانا ہے۔