ٹاملناڈو : سرکاری ملازمین کے ڈی اےمیں اضافہ

   

پنشنرس کو بھی فائدہ ملے گا۔ چیف منسٹراسٹالن کا اعلان
چینائی: ٹاملناڈو میں سرکاری ملازموں اور پنشنروں کو نئے سال کا تحفہ دیئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے منگل کو اعلان کیا کہ اگلے سال یکم جنوری سے تمام سرکاری ملازموں اور پنشنروں کے لئے مہنگائی الاؤنس (ڈی اے ) میں اضافہ کیا جائے گا۔ریاستی اسمبلی میں رول 110 کے تحت دیئے گئے بیان میں اسٹالن نے کہا کہ حکومت کو درپیش شدید مالی بحران کے باوجود ڈی اے میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے اور اس سے 16 لاکھ سے زائد ملازموں اور پنشنروں کو فائدہ ہوگا۔ تاہم حکومت نے بجٹ میں اعلان کیا ہے کہ اگلے سال اپریل سے ڈی اے میں اضافہ کیا جائے گا۔ حکومت نے مختلف سرکاری ملازموں اور اساتذہ یونینوں کی طرف سے ریاستی حکومت کو دی گئی درخواستوں کی بنیاد پر جنوری سے ڈی اے میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ جنوری سے مارچ تک تین مہینوں کے ڈی اے میں اضافے کے پیش نظر حکومت کو 1,620کروڑ روپے اور سالانہ 6,480کروڑ روپے کے اخراجات برداشت کرنے ہوں گے ۔اس کے علاوہ اسٹالن نے کئی اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں غذائیت سے بھرپور کھانا بنانے والے مراکز میں کام کرنے والے باورچی اور کھانا پکانے کے اسسٹنٹ کی ریٹائرمنٹ کی عمر 58سال سے بڑھا کر 60سال کر دی گئی ہے ۔ اس سے 29,137باورچی اور 24,576ان کے معاونوں کو فائدہ ہوگا۔

ونائیک چترتھی کی عوامی تقریبات پر پابندی:اسٹالن
چینائی : ٹاملناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے منگل کو اسمبلی میں کہا کہ کورونا وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے اور مرکز کی ہدایات کے مطابق ریاست میں ونائیک چترتھی کے عوامی اجتماعات پر پابندی رہے گی۔ اسٹالن نے یہ بات بی جے پی کے رہنما نیانر ناگیندرن کے 10 ستمبر سے شروع ہونے والے ونائیک چترتھی کیلئے عوامی طور پر ایک مورتی بٹھانے کی اجازت کے بارے میں سوالات کے جواب میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے 29اگست کو ملک کی تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو لکھے گئے مکتوب میں انہیں مشورہ دیا ہیکہ وہ تہواروں کے دوران بڑے پیمانے پر ہجوم نہ ہونے دیں۔