ٹاملناڈو کے گورنر نے وزیر کو حلف دلانے سے انکارکردیا

   

چینائی:ٹاملناڈوکے گورنر آر این روی کا ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کے ساتھ تصادم جاری ہے۔ گورنر نے کے پونموڈی کو حلف دلانے سے انکار کر دیا ہے جو وزیر اعلیٰ کی درخواست پر جمعرات 14 مارچ کو ریاستی کابینہ میں وزیر کے طور پر واپس آنے والے ہیں۔ سابق اعلیٰ تعلیم کے وزیر کے پونموڈی کو دسمبر 2023 میں مدراس ہائی کورٹ کی طرف سے غیر متناسب اثاثہ جات کیس میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔سپریم کورٹ نے بعد میں ان کی سزا پر روک لگا دی، جس کے بعد اسمبلی کے اسپیکر ایم اپاوو نے چہارشنبہ کو پونموڈی اسمبلی سیٹ ۔ تھروککوئیلور کو خالی قرار دینے والے اپنے پہلے نوٹیفکیشن کو منسوخ کردیا۔ اس کے بعد وزیر اعلی اسٹالن نے جمعرات کو پونموڈی کی حلف برداری کے لیے راج بھون کو درخواست بھیجی۔ گورنر روی نے جمعرات کو کے پونموڈی کو وزیر کے عہدے کا حلف دلانے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق گورنر روی پونموڈی کی حلف برداری سے متعلق قانونی مشورہ لینے جمعرات کو دہلی جائیں گے۔ پونموڈی کو ولوپورم علاقہ کا طاقتور لیڈر مانا جاتا ہے۔ کابینہ میں ان کی موجودگی سے آنے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کو کافی مدد ملنے کا امکان ہے۔ کچھ دن پہلے تمل ناڈو کے وزیر کے پونموڈی کو غیر متناسب اثاثہ جات کیس میں بڑی راحت ملی ہے۔سپریم کورٹ نے پونموڈی کے خلاف سزا پر روک لگا دی تھی اور ان کی بیوی کی سزا کو بھی معطل کر دیا تھا۔ دسمبر میں اعلیٰ تعلیم کے وزیر اور ان کی اہلیہ وشالچی کو مدراس ہائی کورٹ نے تین سال کی سادہ قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد پونموڈی کو اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا اور اب عدالت سے راحت ملنے کے بعد وہ وزیر کے عہدے کا حلف لیں گے۔