واشنگٹن : امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور صدر پوٹن کے درمیان ممکنہ ملاقات کا دار و مدار اس بات پرہے کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمہ کے لیے کتنا سنجیدہ ہے۔ مارکو روبیو کے مطابق انہوں نے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے منگل کو سعودی عرب میں ملاقات کے دوران بھی دونوں ملکوں کے صدور کی ملاقات کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ امریکی وزیرِ خارجہ کے مطابق انہوں نے روسی عہدیداروں کو بتا دیا تھا کہ دونوں ملکوں کے صدور کے درمیان اْس وقت تک ملاقات نہیں ہو سکتی جب تک ہمیں یہ معلوم نہیں ہوجاتا کہ ملاقات کس بارے میں ہو گی۔ صحافی کیتھرین ہیرج کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مارکو روبیو نے کہا کہ ان کے خیال میں جب دونوں صدور کی ملاقات ہو گی تو اس میں اسی نقطے پر بات ہو گی کہ آیا یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے ہم کیا کر سکتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے منگل کو کہا تھا کہ رواں ماہ کے اختتام پر شاید ان کی صدر پوٹن سے ملاقات ہو گی۔ امریکی وزیرِ خارجہ سے جب اس ضمن میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی روسی ہم منصب سے ملاقات کا وقت ان کے علم میں نہیں ہے۔ ان کے بقول صدر ٹرمپ جاننا چاہتے ہیں کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمہ میں سنجیدہ بھی ہے یا نہیں۔