واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی پہلے روز سابق صدر جوبائیڈن کے 78 صدارتی اقدامات منسوخ کر دیے اور متعدد نئے ایگزیکٹیو آرڈرز پر دستخط کر دیے ۔ وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ جس وقت ایگزیکٹیو آرڈرز پر دستخط کر رہے تھے اسی دوران ان کو میز کی دراز میں رکھے سابق صدر بائیڈن کا خط مل گیا۔ ڈونالڈ ٹرمپ جس وقت دستخط کر رہے تھے اسی دوران امریکی صحافی نے انہیں خط کے بارے میں یاد دلایا۔ اس موقع پر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنا کام چھوڑ کر خط ڈھونڈنے کی کوشش کی جو انہیں دراز سے مل گیا جس پر ‘47’ لکھا ہوا تھا۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے مذاقاً کہا کہ ہمیں اس چیز کو ڈھونڈنے میں کئی سال لگ سکتے تھے ۔
امریکہ میں توانائی کی ایمرجنسی کا اعلان
صدر ٹرمپ نے قومی توانائی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے تیل کے اسٹریٹجک ذخائر کو بھرنے اور امریکی توانائی کو پوری دنیا میں برآمد کرنے کا وعدہ کیا۔انہوں نے امریکی تیل اور گیس کی پیداوار کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے ایک وسیع منصوبہ پیش کیا، جس میں قومی توانائی کی ہنگامی صورتحال کا اعلان، اضافی ضوابط کو ختم کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی سے لڑنے کے لیے ایک بین الاقوامی معاہدے سے امریکا کو واپس لینا شامل ہے ۔