ٹرمپ نے ہندوستان کے محصولات کے نظام کوپھر تنقیدکا نشانہ بنایا

   

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان بڑے پیمانے پر محصولات عائد کرتا ہے اور کہا کہ آپ اس ملک میں کچھ بھی فروخت نہیں کر سکتے ۔ تاہم امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان نے اپنے ٹیرف کو کم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔واضح رہے کہ ٹرمپ کے ٹیرف اعلانات نے دنیا بھر میں حصص بازار کو مشکل میں ڈال دیا ہے ۔ انھوں نے وہائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں سے کہا ہندوستان ہم سے بہت زیادہ محصولات وصول کرتا ہے ۔ آپ ہندوستان میں کچھ بھی نہیں فروخت کرسکتے ۔ ویسے انہوں نے اتفاق کیا ہے ، وہ اب اپنے محصولات کو کم کرنا چاہتے ہیں کیونکہ آخر کار کوئی انہیں بے نقاب کر رہا ہے جو انہوں نے کیا ہے ۔ امریکی صدر نے یہ تبصرہ ایسے وقت کیاہے جب امریکہ ان ملکوں پر جوابی محصول لگانے کی تیاری کررہاہے جو اسکی اشیاپر بہت زیادہ ٹیرف لگاتے ہیں۔ 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے والے ٹرمپ نے ہندوستان اور دیگر ممالک کی طرف سے عائد کردہ زیادہ محصولات پر ہندوستان کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ منگل کو کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں امریکی صدر نے محصولات کو انتہائی غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔