واشنگٹن : 3مئی ( یو این آئی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے امریکہ درآمد کی جانے والی کاروں اور ٹرکوں پر ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں کیا۔ٹرمپ نے کہا کہ یورپی یونین امریکہ کے ساتھ طے شدہ تجارتی معاہدوں کی مکمل پابندی نہیں کر رہی، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ ہفتہ سے یورپی یونین کی گاڑیوں پر محصولات میں نمایاں اضافہ نافذ کر دیا جائے گا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر یورپی یونین کی کمپنیاں امریکہ کے اندر گاڑیاں اور ٹرک تیار کریں تو ان پر کسی قسم کا ٹیرف عائد نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت امریکہ میں آٹوموبائل اور ٹرک سازی کے کئی نئے کارخانے زیرِ تعمیر ہیں۔ٹرمپ کے مطابق ان منصوبوں میں 100 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کارخانوں میں امریکی کارکنوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا اور یہ جلد کام شروع کر دیں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ میں صنعتی ترقی کی جو رفتار اس وقت دیکھنے میں آ رہی ہے، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، اور یہ اقدامات ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔