ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال ہونے کے باوجود وہ ٹوئٹ نہیں کررہے

   

واشنگٹن : 2021 میں صدر ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ امریکی دارالحکومت میں ہونے والی چھ جنوری کی بدامنی کے بعد متشدد رویوں کو ہوا دینے کے الزام کے ساتھ بند کردیا گیا تھا۔ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے جو بارہا اس پابندی پر تنقید بھی کر چکے ہیں، چند روز قبل اپنے پرسنل اکاؤنٹ پر ایک پول کے ذریعے عوام سے رائے مانگی کہ کیا سابق صدر ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال ہونا چاہیے۔ 15 ملین سے کچھ زیادہ لوگوں نے اس پول میں حصہ لیا اور51 اعشاریہ8 فیصد نے اکاؤنٹ بحال کرنے کے حق میں رائے دی۔ اس کے بعد ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے اکاؤنٹ بحال کرنے کا اعلان کیا۔اس اکاؤنٹ کی بحالی کا فیصلہ انہی دنوں ہوا جب سابق صدر ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ مگر صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر آنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ اپنے پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا وہ ایلون کو پسند کرتے ہیں مگر ٹوئٹر میں بہت سے مسائل ہیں اور انہیں وہاں واپس آنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔سابق صدر ٹرمپ نے سب سے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے محروم ہو جانے کے بعد اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم لانچ کیا جس کا نام ٹرتھ سوشل ہے۔