ٹرمپ کیریبین رہنماؤں کے ساتھ وینزویلا سمیت کئی مسائل پر بات کرینگے

   

واشنگٹن، 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ جمعہ کو فلوریڈا کے اپنے مار-اے – لاگو اسٹیٹ میں کیریبین ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ چین اور وینزویلا سمیت کئی اہم معاملات پر بات چیت کریں گے ۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری سارہ سینڈرز نے منگل کو ایک پریس ریلیز جاری کرکے اس بات کی تفصیلات بتائیں۔ ریلیز کے مطابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ جمعہ کو مار-اے – لاگو اسٹیٹ میں بہاماس، ڈومینک جمہوریہ، ہیتی، جمیکا اور سینٹ لوسیا کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے ۔ مسٹر ٹرمپ چین کی منفی اقتصادی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے کیریبین ممالک کے لیڈروں کے ساتھ سیکورٹی سے متعلق مسائل پر بھی بات چیت کریں گے ۔ مسٹر ٹرمپ اس اجلاس میں وینزویلا میں قیام امن اور جمہوریت کی حمایت کرنے والے ممالک کے رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کریں گے ۔قابل غور ہے کہ وینزویلا میں موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف ہو رہے ملک گیر احتجاج کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے کہا ہے کہ وہ فوجی آپشن پر غور کر رہا ہے ۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور حزب اختلاف کے رہنما جوآن گوائیڈو نے 23 جنوری کو ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دیا تھا۔