ٹرمپ کی دوبارہ جانچ منفی :وائٹ ہاؤس

   

واشنگٹن۔3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس ’ کووڈ۔ 19 ‘ کی جانچ کی گئی جس میں وہ کورونا وائرس سے متاثر نہیں پائے گئے ۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان اسٹیفنی گریشم نے ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی ۔ وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر شیان کونلے نے ایک میمو جاری کر کے کہاکہ آج صبح صدر ٹرمپ کی دوبارہ کورونا وائرس کے تعلق سے جا نچ کی گئی اور وہ صحتمند ہیں اور ان میں کورونا وائرس سے متعلق کوئی علامات نہیں پائی گئی ہیں ۔صحافیوں سے ساتھ بریفنگ کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ میں نے اپنی جانچ کرائی اور اس کی رپورٹ آ گئی ہے جو وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر نے کی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ آج صبح میں نے کورونا جانچ کروائی اور اس کی جانچ کرنے میں صرف ایک منٹ لگا ۔ مجھے لگا تھا یہ 15 منٹ تک کا عمل ہوگا لیکن مجھے اس کیلئے انتظار نہیں کرنا پڑا اور صرف 14-15 منٹ کے اندر منفی رپورٹ کے ساتھ نتیجے میرے سامنے تھے ۔ اس سے پہلے بھی ٹرمپ کی مارچ کے وسط میں جانچ کی گئی تھی جب وہ کورونا سے متاثر دو لوگوں کے رابطے میں آ گئے تھے ۔ٹرمپ تب بھی جانچ میں متاثر نہیں پائے گئے تھے ۔