ٹرمپ کی چینی صدر جن پنگ سے فون پر بات چیت

   

واشنگٹن:امریکہ کے منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ سے فون پر بات کی جسے انہوں نے بہت عمدہ قرار دیا۔واضح رہے کہ ٹرمپ اور شی کے درمیان یہ گفتگو بیجنگ کے اس اعلان کے چند گھنٹے بعد ہوئی جس کے مطابق چین کے نائب صدر ہان زینگ ٹرمپ کی 20 جنوری کو حلف برداری میں شرکت کیلئے واشنگٹن آرہے ہیں۔ ایک ماہ قبل ٹرمپ نے شی سمیت دوسرے بیرونی رہنماؤں کو تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے اس کال کو امریکہ اور چین کیلئے بہت عمدہ قرار دیا۔ٹرمپ نے کہا کہ دونوں نے گفتگو میں تجارت میں توازن، فینٹینیل، ٹک ٹاک اور کئی دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔نو منتخب امریکی صدر نے کہاک ہ یہ میری توقع ہے کہ ہم مل کر بہت سے مسائل کو حل کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ صدر شی اور میں دنیا کو مزید پرامن اور محفوظ بنانے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق شی نے گفتگو میں ٹرمپ کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی۔ شی نے کہا کہ وہ اور ٹرمپ دونوں اگلے چار سالوں میں امریکہ اور چین کے تعلقات کی ترقی کیلئے بلند عزائم رکھتے ہیں۔ صدر شی نے کہا کہ ہم دونوں ایک دوسرے سے بات چیت کو اہمیت دیتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ امریکی صدر کے نئے دور میں امریکہ اور چین کے تعلقات اچھی شروعات کریں گے۔شی نے کہا کہ دونوں رہنما چین اور امریکہ تعلقات کو آگے بڑھانے تیار ہیں تاکہ ایک نئے نقطہ آغاز سے زیادہ ترقی کی جائے۔