ٹرمپ کے بیٹی ، داماد کا دور ہ اسرائیل ،یرغمالیوں کے اہل خانہ سے ملاقات

   

غزہ :: حماس کے ساتھ جاری جنگ کے درمیان، سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اپنے شوہر جیرڈ کشنر کے ساتھ اسرائیل پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے 7 اکتوبر کے حملوں سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ معلومات کے مطابق ایوانکا اور ان کے شوہر جمعرات (21 دسمبر) کو اسرائیل میں تھے، اس دوران ایوانکا نے غزہ کی پٹی کے قریب کبوتز شہر کا دورہ کیا۔ حماس نے 7 اکتوبر کو حملہ کیا جس میں سینکڑوں لوگ مارے گئے۔ایوانکا ٹرمپ کے شوہر جیرڈ کشنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں اسرائیل پہنچنے کی اطلاع دی۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ 7 اکتوبر کی وحشیانہ اور ناقابل بیان کارروائیوں کے دیرپا اثرات کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا ضروری ہے۔ کشنر نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ایوانکا ٹرمپ نے ان مغویہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی جن میں سے کچھ اب بھی غزہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا، ہم نے بہت سے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی جو اس مشکل وقت میں مقامی لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ایوانکا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ان کی طاقت متاثر کن تھی اور ان لوگوں کا عزم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اندھیرے میں بھی ہمیشہ امید اور اچھائی ہوتی ہے۔یہ دورہ حماس کے حملے کے تقریباً دو ماہ بعد ہوا ہے جس میں 1200 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بمباری اور فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 20 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔