اوٹاوہ : کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے دارالحکومت اوٹاوہ میں ایرانی خواتین کے حق میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ ایرانی کمیونٹی کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اے ایف پی کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں شرکا کے ساتھ مارچ میں شرکت کی۔ہفتہ کو مظاہرے میں شرکت کے دوران جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ’ایران میں خواتین، بیٹیوں، نانیوں، دادیوں اور دیگر اتحادیوں کو ہم نہیں بھولے۔‘ خیال رہے کہ کرد ایرانی خاتون مہسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے خلاف مظاہروں کو شروع ہوئے 40 دن سے زیادہ ہو گئے ہیں۔جسٹن ٹروڈو نے مظاہرین سے خطاب کیا اور فارسی زبان میں نعرے بازی بھی کی۔انہوں نے ایرانی کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ میں آپ کے ساتھ مارچ کروں گا، میں آپ کا ہاتھ تھاموں گا۔ اور ہم اس خوبصورت کمیونٹی کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔‘اس موقع پر وزیراعظم ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو نے مظاہر ے کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ ’میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں کیونکہ اگر ایک خاتون کی بھی حق تلفی ہوتی ہے تو یہ تمام خواتین کی بے عزتی کی علامت ہے۔‘