ٹرین سفر کی ویڈیو شیئر کرنے پر سونوسود کی سرزنش

   

نئی دہلی ۔ مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے بالی ووڈ اداکار سونو سود کی ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جسے دیکھنے کے بعد انہیں تعریف نہیں بلکہ ڈانٹ پڑ رہی ہے۔ جی ہاں، سونو سود نے کچھ دن پہلے ٹرین کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔ اداکار کے اس ویڈیو پر ریلوے نے ان سے ناراضگی ظاہرکی ہے۔ ناردرن ریلوے نے ٹرین کے فٹ بورڈ پر بیٹھ کر سفر کرنے پر سونو سود کی سرزنش کی ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ اس سے لوگوں میں غلط پیغام جائے گا۔ دراصل، سونو سود نے 13 دسمبر کو اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر ٹرین سے ایک ویڈیو شیئرکیا تھا۔ ویڈیو میں سونو سودکو تیز رفتار ٹرین کے پھاٹک پر بیٹھا سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو کے پش پردہ بالی ووڈ کا مشہور گانا ‘مسافر ہوں یارون’ چل رہا تھا، سونو پھاٹک کا ہینڈل پکڑکر ٹرین کے سفر سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے لیکن بہت سے لوگوں کو ان کا اس طرح کا سفر پسند نہیں آیا۔ ناردرن ریلوے نے3 جنوری کو سود کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا اور لکھا پیارے سونو سوو، آپ ملک اور دنیا کے کروڑوں لوگوں کے لیے ایک مثالی شخصیت ہیں۔ ٹرین کے فٹ بورڈ پر بیٹھ کر سفر کرنا خطرناک ہے۔